بریلی، 25/ نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) اتر پردیش کے بریلی ضلع کے فریدپور علاقے میں آج عرس کا جلوس روکنے کو لے کر دو فرقوں میں ہوئی پرتشدد جھڑپ میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ عرس کے موقع پر کچھ عقیدت مند فریدپور تھانہ علاقے کے جیڈ گاؤں سے بریلی اسکول کے راستے سے چادر کا جلوس نکال رہے تھے۔ ایک کمیونٹی کے لوگوں نے اسکول کے راستے سے جلوس لے جانے پر اعتراض کیا تو جلوس میں شامل لوگوں نے اس کی مخالفت کی۔انہوں نے بتایا کہ دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی بڑھی کہ لوگوں نے پتھراؤ شروع کر دیا جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے، بدلے میں دوسری کمیونٹی کے لوگوں نے بھی پتھراؤ شروع کردیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر بریلی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آشوتوش کمار، ضلع مجسٹریٹ پنکج یادو، سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جوگیندر کمار سمیت ضلع کے تمام پولیس انتظامی افسران موقع پر پہنچے اور دونوں فرقوں کو سمجھا بجھا کر معاملہ کو رفع دفع کرایا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس حکام کے سمجھائے جانے پر جلوس کا راستہ بدلا گیا اور پولیس کی نگرانی میں جلوس بریلی درگاہ کے لیے روانہ کیا گیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل کمار نے بتایا کہ نئے راستے سے جلوس نکالنے اور بغیر اجازت کے ڈی جے بجانے کو لے کر قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں امن تحلیل کرنے کے الزام میں 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، گاؤں میں اضافی پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے،آس پاس کے گاؤں میں بھی چوکسی برتی جا رہی ہے۔